اسحاق ڈار کے گھر سے پناہ گاہ کا بورڈ ہٹ گیا، سامان نکالنے کی تیاریاں

لاہور: عدالتی اسٹے آرڈر کے بعد صوبائی حکومت نے اسحاق ڈار کے گھر سے پناہ گاہ کا سامان نکالنے کی تیاریاں شروع کردیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق عدالتی اسٹے آرڈر کے بعد گھر سے پناہ گاہ کا بورڈ بھی اتار دیا گیا ہے جبکہ اسحاق ڈار کے گھر کے اطراف کنٹینر کو کرین کی مدد سے پارک میں اتارا گیا۔

پناہ گاہ کو گھر سے سامنے پارک میں منتقل کیا جائے گا۔ ضلعی انتظامیہ کا عملہ اسحاق ڈار کی رہائش گاہ میں موجود ہے، جو پناہ گاہ کے سامان منتقلی کا جائزہ لے رہا ہے۔

مذکورہ اقدامات لاہورہائی کورٹ کے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کا گھرپناہ گاہ میں تبدیل کرنے کے خلاف حکم امتناع جاری ہونے کے بعد سامنے آئیں۔ عدالت نے پنجاب حکومت سے دس روز میں جواب بھی طلب کرلیا ہے۔

اسحاق ڈار کاگھرپناہ گاہ میں تبدیل کرنے کیخلاف حکم امتناع جاری

یاد رہے حکومت نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے لاہور میں واقع گھر کو پناہ گاہ میں تبدیل کر دیا تھا ، اسسٹنٹ کمشنر ماڈل ٹاؤن کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار کے گھر میں 50 لوگوں کی رہائش کا انتظام کیا گیا ہے، اس پناہ گاہ میں 35مرد اور 15 خواتین رہائش اختیار کر سکیں گے۔

دوسری جانب معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا تھا کہ اسحاق ڈار کے گھر کو پناہ گاہ بنانا کوئی انتقامی کارروائی نہیں ہے۔