پاکستان کی طرف سے غزہ کیلیے امداد کی تیسری کھیپ مصر پہنچ گئی

پاکستان کی طرف سے غزہ کے لیے انسانی امداد کی تیسری کھیپ مصر پہنچ گئی۔

پاکستانی سفارتخانہ مصر کا کہنا ہے کہ خصوصی فوجی طیارہ 20 ٹن کا امدادی سامان لیکر العرش ائیرپورٹ پہنچا ہے امدادی سامان میں غزہ کے عوام کے لیے طبی سامان بھی موجود ہے۔

سفارتخانہ کے مطابق پاکستانی سفارتخانے کے حکام نے امدادی سامان مصر کی ریڈ کریسینٹ سوسائٹی کے حوالے کیا اور مصری ریڈ کریسینٹ یہ سامان فلسطینی ریڈ کریسینٹ سو سائٹی کو دے گی۔

پاکستان نے غزہ کے عوام کے لیے اب تک 200 ٹن کا امدادی سامان دیا ہے۔

گزشتہ روز نورخان ایئربیس پر امدادی سامان روانگی کی تقریب میں نگراں وزیر خارجہ ، پاکستان میں فلسطین کے سفیر ، وزارت خارجہ اور مسلح افواج کے افسران نے شرکت کی۔

اس موقع پر نگراں وزیر خارجہ نے فلسطینی عوام کی بھرپور حمایت کا اظہار کرتے ہوئے غزہ میں اسرائیل کی جانب سے طاقت کےاستعمال کی مذمت کی۔

نگراں وزیرخارجہ جلیل عباس جیلانی نے انسانی امداد اور جنگ بندی پرزور دیا اور کہا غزہ کیلئے مزید انسانی امداد کا بھی انتظام کیا جا رہا ہے۔

اس سے قبل این ڈی ایم اے نے غزہ کیلئے امدادی کھیپ بھیجی تھیں ، پاکستان مشکل کی گھڑی میں فلسطینی بھائی بہنوں کیساتھ کھڑا ہے۔