صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے سکھ رہنما کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے دنیا سے بہیمانہ قتل کا سنجیدگی سے نوٹس لینےکی اپیل کی ہے۔
صدر مملکت نے کینیڈا کے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ کےقتل میں بھارت کےملوث ہونے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا کینیڈا کی سرزمین پر بھارتی ریاستی سرپرستی میں قتل کانوٹس لے۔
ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ بھارت کے اندر اور باہر اقلیتی قیادت پر ظلم کرنا اور انھیں ختم کرنا بھارتی پالیسی رہی ہے سکھ رہنما کے بہیمانہ قتل نےبھارت کا اصل چہرہ بے نقاب کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت اقلیتی برادری کے خلاف عدم برداشت کا مظاہرہ کرتا آیا ہے بھارت کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر کے مسلمانوں و دیگر اقلیتوں پر دہشتگردی جاری رکھے ہوئے ہے دنیا کی خاموشی اور بے عملی نے بھارت کو غیرملکی سرزمین پر کارروائیوں کا حوصلہ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک کھلا راز ہے بھارت ہمسایہ ممالک کی سرزمین کو پاکستان کیخلاف استعمال کرتا رہا ہے بھارت فالس فلیگ آپریشنز، دہشتگرد کارروائیوں، خطےمیں مسائل کا سب سے بڑا باعث ہے افسوس ہے دنیا ایسی باتوں پر خاموش رہنے کا انتخاب کرتی ہے۔