کراچی: چیئرمین کے پی ٹی جمیل اختر کا کہنا ہے کہ کے پی ٹی کی حدود میں کوئی گیس لیکیج نہیں ہے، کے پی ٹی میں معمول کے مطابق کام جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں چیئرمین کے پی ٹی جمیل اختر نے پریس کانفرنس کے دوران بتایا تمام ٹرمینلز کو چیک کیا ہے کہیں گیس کا اخراج نہیں ہے انہوں نے کہا کہ پاک بحریہ کی ٹیم نے سیمپل لیے ہیں، جلد رپورٹ پیش ہوگی۔
جمیل اختر کا کہنا تھا کہ پورٹ سےگیس کے اخراج کی سوشل میڈیا پر افواہیں جھوٹی ہیں، لوگوں کو پورٹ سے متعلق بہت سی چیزوں کا علم نہیں ہے، پورٹ کی مختلف تنصیباب اور برتھ کا دورہ بھی کرایا جاسکتا ہے۔
چیئرمین کے پی ٹی نے کہا کہ کے پی ٹی میں معمول کے مطابق کام جاری ہے، تقریباً 150 لوگ کام کر رہےتھے،گیس لیکیج ہوتی تو ہم کام کرنے دیتے؟ شہریوں کو یقین دلانا چاہتا ہوں گیس اخراج کا کوئی واقعہ پیش نہیں آیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے کیماڑی میں پراسرار زہریلی گیس کے اخراج سے جاں بحق افراد کی تعداد 6 ہوگئی ہے۔