ملک میں چینی کی کوئی قلت نہیں، حکام وزارت صنعت و پیداوار

چینی

اسلام آباد : حکام وزارت صنعت و پیداوار کا کہنا ہے کہ ملک میں چینی کی کوئی قلت نہیں، چینی کے ذخائر دسمبر تک کی ضرورت کے لیے کافی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق حکام وزارت صنعت و پیداوار نے ملک میں چینی کی قلت کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں چینی کی کوئی قلت نہیں، ملک میں 20 لاکھ ٹن سے زائد چینی کے ذخائر ہیں اور چینی کے ذخائر دسمبر تک کی ضرورت کے لیے کافی ہیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ملک میں چینی کا ماہانہ استعمال 5 لاکھ ٹن ہے، ملک میں گنے کی کرشنگ نومبر میں شروع ہوگی ، گنے کی کرشنگ تک چینی ذخائر ضرورت کے مطابق ہیں، گنے کی کرشنگ کے وقت بھی10 لاکھ ٹن چینی کے ذخائر موجود ہوں گے۔

ذرائع نے کہا کہ ملک میں چینی کے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف ایکشن کی تیاری ہے اور حکومت ایک لاکھ ٹن چینی درآمد کرنے پر غور کر رہی ہے۔

ذرائع کے مطابق برازیل سے چینی امپورٹ کرنے پر غور کیا جا رہا ہے، چینی امپورٹ کرنے کا فیصلہ ای سی سی کی منظوری سے ہوگا،چینی امپورٹ کرنے سے مقامی قیمت کم ہونے کا امکان ہے۔

مقامی قیمت کم ہونے سے چینی کے ذخیرہ انداز اور سٹہ بازوں کو نقصان ہوگا، ڈیمانڈ اور سپلائی کے درمیان توازن سے چینی کی قیمت مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔