لندن: مشیرخزانہ حفیظ شیخ کا کہنا ہے کہ جلد آئی ایم ایف مشن پاکستان آئے گا، پاکستان سے متعلق عالمی سطح پر مثبت پیش رفت ہو رہی ہے۔
تفصیلات کے مطابق حفیظ شیخ کا پاکستان روانگی سے قبل ایئرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ امریکا میں آئی ایف ایم اور ورلڈبینک کے اعلیٰ عہدیداروں سے ملاقاتیں کیں، صدر یورپین اے ڈی بی نے ایک بلین ڈالر اضافی سرمایہ کاری کا وعدہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ امریکا میں ورلڈبینک اور آئی ایم ایف سربراہان سے مفید ملاقاتیں ہوئیں، پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے تبادلہ خیال ہوا، معیشت کے استحکام کے لیے کی گئیں اصلاحات پر آگاہی فراہم کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی معیشت کی تیزی کے لیے بھی بات چیت کی گئی، مختلف ممالک سے باہمی اشتراک سے اقتصادی تعاون پر بات ہوئی، ہارورڈیونیورسٹی میں پاکستانی معاشی صورت حال پر سیمینار ہوا۔
مشیرخزانہ نے بتایا کہ آئی ایم ایف کی نئی ایم ڈی سے بھی ملاقات ہوئی، اس دوران عالمی رہنماؤں نے پاکستان کی معاشی صورت حال پر اعتماد کا اظہار کیا۔
پاکستان کی معاشی صورت حال بہتری کی جانب گامزن ہے، حفیظ شیخ
ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ5 سال کے دوران برآمدات میں اضافہ نہیں ہوا تھا، ماضی کے بھاری قرضہ جات بھی پیچیدہ مسائل میں شامل ہیں، موجودہ حکومت کو قرضوں کی ادائیگی کی اقساط میں دشواری کا سامنا ہے۔
حفیظ شیخ نے مزید کہا کہ برآمدات کی شرح بڑھ رہی ہے اور خسارہ کم ہو رہا ہے، حکومت برآمدات بڑھانے کے لیے کاروباری افراد کو مائل کر رہی ہے، گیس بجلی اور قرضوں میں سبسڈی دی جا رہی ہے، اخراجات اور آمدن کےدرمیان فرق میں کمی معیشت کے لیے اچھی خبر ہے۔