’شان مسعود کو زبردستی کھلایا جارہا ہے‘

شان مسعود

سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے شان مسعود کو قومی ٹیم میں شامل کرنے پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ انہیں زبردستی کھلایا جارہا ہے۔

قومی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید نے کہا کہ شان مسعود مسلسل ناکام ہورہے ہیں پھر بھی بغیر کسی ٹھوس وجہ کے انہیں ٹیم میں شامل کیا جاتا رہتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جب شان مسعود کو نائب کپتان بنایا گیا تو میں بالکل خوش نہیں تھا اور اب بغیر کسی وجہ سے انہیں ٹیم میں شامل کرتے رہتے ہیں اور انہیں زبردستی کھیلنا پڑتا ہے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ یہ سمجھ سے بالاتر ہے کہ فیصلے کون کررہا ہے لیکن ہمیں دیکھنا ہے کہ آخر نتیجہ کیا نکلتا ہے۔

سابق فاسٹ بولر نے کہا کہ ٹیم انتظامیہ کو اسکواڈ میں شامل دیگر کھلاڑیوں کے ساتھ تجربہ کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کرنی چاہیے۔

عاقب جاوید نے کہا کہ امام الحق کو دیکھیں تو اس نے ہمیشہ ون ڈے کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے لیکن اسے بھی ڈراپ کردیا گیا۔

واضح رہے کہ شان مسعود کو جنوری 2023 میں منعقدہ پاک نیوزی لینڈ سیریز میں نائب کپتان مقرر کیا گیا تھا۔