انوکھا واقعہ: گھر میں گھسا چور اے سی چلا کر سو گیا

بھارت میں جھلسا دینے والی گرمی میں چوری کے دوران چور ایئرکنڈیشنڈ میں سو گیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق یہ انوکھا واقعہ ریاست اترپردیش کے دارالحکومت لکھنؤ میں پیش آیا جہاں شدید گرم موسم میں اے سی کے ٹھنڈے جھوکوں سے چور گہری نیند سو گیا۔

نوجوان چور ڈاکٹر کے گھر میں گھس کر موٹر، انورٹر، گیزر اور دیگر قیمتی آلات کھول کر بیٹھ گیا اور گرمی سے اس کا بُرا حال ہو گیا۔

جب وہ اے سی والے کمرے میں داخل ہوا تو ٹھنڈی ہوا کے جھونکوں سے گہری نیند سو گیا۔ کئی گھنٹے تک اسے ہوش نہ آیا اور جب اس کی آنکھ کھلی تو سامنے پولیس کھڑی تھی۔

پولیس نے چور کو گرفتار کر کے تھانہ غازی پور میں مقدمہ درج کر لیا۔

ڈاکٹر سنیل پانڈے نے پولیس کو اطلاع دی کہ اس کے گھر میں چور سو رہا ہے جس پر پولیس فوری طور پر پہنچ گئی اور کپل نامی چور کو پکڑ لیا۔

تھانہ غازی پور کے افسر وکاس کا کہنا ہے کہ کپل چور گینگ کا رکن ہے اور پہلے بھی کئی چوریاں کر چکا ہے۔