سابق بھارتی بولر سپر ایٹ میں پاکستان کی جگہ امریکا کو دیکھنے کے خواہشمند

سری سانتھ

بھارت کے سابق فاسٹ بولر سری سانتھ ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 8 مرحلے میں پاکستان کی جگہ امریکا کو دیکھنے کے خواہشمند ہیں۔

ٹی 20 ورلڈ کپ میں آج امریکا اور آئرلینڈ کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی، امریکا کی شکست کی صورت میں پاکستان آئرلینڈ کو ہرا کر سپر 8 میں پہنچ سکتا ہے اگر بارش ہوگئی تو امریکا 5 پوائنٹس کے ساتھ اگلے مرحلے میں پہنچ جائے گا اور پاکستان کو وطن واپس آنا ہوگا۔

پاکستان کو گروپ میچز میں امریکا اور بھارت سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور صرف ایک میچ میں کینیڈا کے خلاف کامیابی حاصل کی۔

تاہم بھارتی ٹیم کے سابق فاسٹ بولر سری سانتھ کا کہنا ہے کہ پاکستان کو اپنے پورے نظام کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے جس کی نشاندہی وسیم اکرم اور وقار یونس جیسے لیجنڈز نے بھی کردی تھی۔

انہوں نے کہا کہ مجھے نہیں لگتا پاکستان وہ چیزیں کررہا ہے جو اسے کرنی چاہئیں، وہ اپنی ڈومیسٹک لیگز پر توجہ نہیں دیتے، ان کے تمام لیجنڈز، جیسے وسیم بھائی اور  وقار یونس کہتے ہیں کہ انہیں پورے نظام کو بدلنے کی ضرورت ہے۔

سری سانتھ کا کہنا تھاکہ میں پاکستان کو اگلے ورلڈکپ کے لیے صرف یہی کہوں گا کہ اگر وہ اب بھی ورلڈکپ کا حصہ بنے رہتے ہیں تو یہ ایک معجزہ ہوگا، مجھے نہیں لگتا کہ یہ آسان ہوگا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بارے میں ایک بات یہ ہے کہ ہر ٹیم پیپر پر مضبوط نظر آتی ہے، اگر ہم منصوبہ بندی اور عملدرآمد کی بات کریں تو امریکی ٹیم گزشتہ دو سالوں میں اپنی منصوبہ بندی اور اس پر عملدرآمد کی وجہ سے اچھی رہی اور اس نے سخت محنت کی۔

سابق پیسر کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں امریکی ٹیم سپر 8 میں کھیلے کیونکہ وہ اس کے مستحق ہیں، انہوں نے سپر 8 کا حصہ بننے کے لیے کافی سے زیادہ محنت کی ہے۔