چوری اور ڈکیتی کی وارداتیں بڑھنے سے لوگوں کی نیندیں حرام ہوگئی ہیں تاہم اب ایسا پینٹ ایجاد کرلیا گیا ہے جو آپ کے گھر کو چوروں سے محفوظ رکھے گا۔
یہ انوکھا پینٹ امریکا کی ایک روغن ساز کمپنی کیمریکس نے تیار کیا ہے جو نقب زنوں اور چوروں کو گھروں میں داخل ہونے سے روکتا ہے اور اس کو اسی خصوصیت کے باعث ’’اینتی کلائمبنگ پینٹ‘‘ (چڑھنے سے روکنے والا پینٹ) کا نام دیا گیا ہے۔
اس پینٹ کی خاص بات یہ ہے کہ یہ دیوار یا کسی بھی جگہ لگنے کے بعد کسی بھی حالت میں خشک ںہیں ہوتا اور اپنی چپکنے اور پھسلنے کی صلاحیت برقرار رکھتا ہے۔
ایک مرتبہ روغن پھیرنے کے تین سال بعد بھی یہ پینٹ پھسلن اور چکنائی برقرار رکھتا ہے خواہ موسم گرم ہو یا سرد۔ اس کی یہ صلاحیت اتنی دیرپا ہے کہ بارشیں بھی اس کی یہ خاصیت کم نہیں کرسکتی۔
اس پینٹ کو لگانے کا طریقہ یہ ہے کہ اس کی تین ملی میٹر کی پرت لگائی جائے تو وہ بہت چمکدار اور گیلا دکھائی دیتا ہے۔ جب بھی کوئی شخص اپنا جسم اس دیوار سے ٹکراتا ہے تو وہ پینٹ اس کے بدن پر چپک جاتا ہے جس کو فوری طور پر جسم یا لباس سے صاف کرنا ممکن نہیں ہوتا۔
پینٹ کی اسی خصوصیت کے باعث چور لوگوں کے مجمع میں بھی با آسانی پہچانا جا سکتا ہے۔