ریلوے پولیس نے بیرون ملک جانے کے لیے گھر سے جانے والی والی تین نا بالغ بچیوں کو ریسکیو کر لیا تینوں آپس میں کزن ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ریلوے پولیس نے تین نا بالغ لڑکیوں کو لاہور ریلوے اسٹیشن سے ریسکیو کیا ہے جو آپس میں کزن ہیں اور ان کا تعلق ڈی جی خان سے ہے۔
پولیس کے مطابق تینوں بچیاں 14 سالہ عافیہ، علیشاہ اور ایمن ڈی جی خان سے لاہور ریلوے اسٹیشن پہنچی تھیں۔ یہاں سے وہ پہلے کراچی اور پھر جنوبی افریقہ جانا چاہتی تھیں۔
ریلوے پولیس لاہور کے ڈیوٹی کانسٹیبل شاہ نواز نے تینوں بچیوں کو اکیلا ریلوے اسٹیشن پر دیکھ کر حفاظتی تحویل میں لے لیا اور ریلوے پولیس تھانے لے آیا۔
ترجمان ریلوے پولیس کے مطابق بچیوں نے بتایا کہ وہ بہتر مستقبل کے لیے اپنے گھروں سے نکلی ہیں اور بیرون ملک جانا چاہتی ہیں۔
ترجمان نے بتایا کہ ریلوے پولیس نے بروقت کارروائی کر کے ان بچیوں کو انسانی اسمگلروں کے ہتھے چڑھنے سے بچا لیا ہے۔ ان بچیوں کے لواحقین نے گمشدگی کی ایف آئی آر تھانہ کوٹ مبارک ڈی جی خان میں درج کرا رکھی تھی۔