اگلے ہفتے گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور طوفان کی پیشگوئی

اسلام آباد (4 اگست 2025): پاکستان کے مختلف علاقوں آئندہ ہفتے کے لیے پھر گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور طوفانوں کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق پاکستان کے مختلف علاقوں ان دنوں شدید مون سون کی لپیٹ میں ہیں۔ کلاؤڈ برسٹ، طوفانی بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ، سیلابی ریلوں مکانات گرنے اور دیگر حادثات کے نتیجے میں اب تک 150 سے زائد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں جب کہ انفرا اسٹرکچر تباہ ہوچکا ہے۔

محکمہ موسمیات نے آئندہ ہفتے ایک بار پھر گرج چمک کے ساتھ بارشوں اور طوفانوں کی پیشگوئی کرتے ہوئے گلیشیئر پھٹنے کا الرٹ جاری کیا ہے۔

محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان، خیبر پختونخوا کے لیے برفانی جھیل کے پھٹنے سے ممکنہ سیلاب کا الرٹ جاری کرتے ہوئے اچانک سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات ظاہر کیے ہیں۔

محکمہ موسمیات نے متاثرہ علاقوں میں صورتحال سے نمٹنے کے لیے متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے اور پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ریسکیو 1122 اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹیز کو بھی الرٹ رہنے کی ہدایت کی گئی ہے

 

الرٹ میں کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان اور خیبر پختونخوا کے برفانی علاقوں میں ہنگامی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے۔ اس لیے سیاحوں کو محتاط رہنے اور متعلقہ علاقوں کا سفر محدود کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔

https://urdu.arynews.tv/flooding-threat-in-rivers-across-the-country-from-tomorrow/