کراچی: سندھ ہائی کورٹ میں ایک کیس کی سماعت کے دوران جج سے تلخ کلامی کرنے والے وکیل کا لائسنس معطل کر دیا گیا۔
ڈرگ روڈ کے علاقے میں ایک ایکڑ سے زائد زمین پر قبضے کے خلاف درخواست پر سماعت کے دوران کیس ملتوی کرنے اور تاریخ مقرر نہ کرنے پر جج اور وکیل میں تلخ کلامی ہوئی۔
عدالت نے وکیل محمد ہارون شیخ کا لائسنس معطل کیا اور پاکستان بار کو وکیل کے خلاف انضباطی کارروائی کرنے کی بھی ہدایت جاری کی۔
سندھ ہائی کورٹ نے کیس غیر معینہ مدت کیلیے ملتوی کیا تو وکیل محمد ہارون شیخ نے جلد سماعت کی ضد کی۔ اس پر جج نے کہا کہ کیس ملتوی کیا ہے اب تاریخ آفس ہی مقرر کرے گا۔
بعدازاں تحریری فیصلے میں عدالت نے کہا کہ زیادہ کیسز ہونے کے باعث کیس ملتوی کیا گیا،وکیل نے عدالت پر خوفزدہ ہونے کا الزام عائد کیا۔
دوسری جانب وکیل محمد ہارون شیخ نے لائسنس معطلی کے خلاف اپیل دائر کر دی۔