ٹائیگر 3 کی نمائش کے دوران سنیما ہال سیل

بھارتی اداکار سلمان خان اور کترینہ کیف کی مشہور زمانہ فلم ”ٹائیگر3“ کی نمائش کے دوران فلم کو روک کر سینما ہال سیل کردیا۔

بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ گریٹر نوئیڈا میں ضلع انتظامیہ کی جانب سے واجبات کی وصولی کے لیے ایک بڑی کارروائی کی گئی، اور گرینڈ وینس مال کے سنیما ہال کو سیل کر دیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق مال کے مالک پر 1.95 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔ جو اس نے بار بار مہلت ملنے کے باوجود بھی ادا نہیں کئے۔ضلع کے کئی بلڈرز بھی نادہندگان کی فہرست میں شامل ہیں۔ جنہوں نے بار بار نوٹس دینے کے باوجود واجبات ادا نہیں کئے۔

نادہندگان میں وینس مال بھی شامل ہے۔ انتظامیہ نے 1.95 کروڑ روپے کے واجبات کی عدم ادائیگی پر کسنا کے وینس مال میں واقع سنیما ہال کو سیل کیا۔

جس وقت کارروائی عمل میں لائی گئی اس وقت سلمان خان کی فلم ٹائیگر 3 تھیٹر میں چل رہی تھی۔ حکام نے فلم کو درمیان میں روک دیا اور سینما ہال کو سیل کر دیا۔ یہ وینس مال بھسین انفرا ٹریک اینڈ انفراسٹرکچر پرائیویٹ لمیٹڈ سے تعلق رکھتا ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے بلڈر کو متعدد بار نوٹس جاری کئے گئے، مگر تاحال اس نے رقم جمع نہیں کرائی، اب ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ کے حکم پر گرینڈ وینس مال میں واقع سنیما ہال کو سیل کر دیا گیا ہے۔

رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ دادری تحصیل میں مختلف بلڈرز پر تقریباً 500 کروڑ روپے واجب الادا ہیں، اس کے علاوہ تحصیل صدر کے تحت بلڈرز کے ذمے 100 کروڑ روپے واجب الادا ہیں۔جو انہوں نے تقاضوں کے باوجود ادا نہیں کئے ہیں۔