چیتے کا مقامی آبادی پر حملہ، تین زخمی، ویڈیو سامنے آگئی

نئی دہلی: بھارتی ریاست مہارشٹرا کے ضلع میں چیتے نے آبادی پر حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 3 افراد زخمی ہوگئے۔

بھارتی میڈیا کی جانب سے جاری ہونے والی ویڈیو کے مطابق بھارتی ریاست مہارشٹرا کے ضلع بھاندرا میں چیتا ہفتے کی صبح مقامی آبادی میں داخل ہوا اور اُس نے گھر سے باہر نکلنے والے شہریوں پر حملہ کیا۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ چیتا بھاگ کر آیا اور اُس نے کسان پر حملہ کیا، اس دوران دو شہریوں نے اُسے بچانے کی کوشش کی تو چیتے نے اُن دونوں پر بھی حملہ کیا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق چیتے کے حملے میں تین افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک کو گہرے زخم آئے۔

مقامی شہریوں کے مطابق چیتا حملہ کر کے جنگل کی طرف واپس بھاگ گیا، محکمہ وائلڈ لائف نے شہریوں کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے حملہ کرنے والے خونخوار چیتے کی تلاش شروع کردی۔

یہ پہلا موقع نہیں کہ بھارت میں اس طرح کا واقع پیش آیا ہو بلکہ دو برس قبل بھی جنگلی چیتا آبادی میں داخل ہوگیا تھا جس نے بچوں اور نوجوانوں کو زخمی کیا تھا۔