مقبول سوشل میڈیا ایپ نے پاکستان میں مزید ڈھائی کروڑ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کر دیں

سوشل میڈیا کی مقبول ترین ایپس میں سے ایک ایپ نے پاکستان میں مزید 2 کروڑ 54 لاکھ سے زائد ویڈیوز کو ڈیلیٹ کر دیا ہے۔

چین کی سوشل میڈیا سائٹ ٹک ٹاک کا شمار دنیا کی مقبول ترین ایپس میں سے ہوتا ہے۔ جہاں دنیا بھر سے صارفین اپنی شارٹ ویڈیوز اپ لوڈ کرتے اور مقبولیت حاصل کرتے ہیں۔ تاہم ٹک ٹاک نے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کی جانے والی ویڈیوز کے لیے کچھ گائیڈ لائنز طے کی ہوئی ہیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق ٹک ٹاک نے کمیونٹی گائیڈ لائنز کی خلاف ورزیوں پر عالمی سطح پر 211 ملین ویڈیوز ڈیلیٹ کیں۔ پاکستان میں مزید 2 کروڑ 54 لاکھ سے زائد ویڈیوز ڈیلیٹ کر دی گئیں۔

ٹک ٹاک کی رواں سال کی پہلی سہ ماہی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں پیشگی طور پر ویڈیوز کو حذف کرنے کی شرح 99.4 فیصد رہی، جو انتہائی بلند ہے۔ ان میں سے 95.8 فیصد ویڈیوز صرف 24 گھنٹوں کے اندر ہٹا دی گئیں۔

چینی سوشل میڈیا سائٹ نے عالمی سطح پر 211 ملین ویڈیوز ڈیلیٹ کیں۔ ان میں 31.1 فیصد بالغ یا حساس مواد، 45 فیصد غلط معلومات اور 13 فیصد مصنوعی ذہانت سے تیار کردہ ویڈیوز شامل تھیں۔

اس سے قبل مارچ 2025 میں، TikTok نے مغربی افریقہ میں خفیہ کارروائیوں سے منسلک 129 اکاؤنٹس کو بھی ہٹا دیا تھا۔

ٹک ٹاک انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پلیٹ فارم پر تحفظ، شائستگی، پرائیویسی اور سیکیورٹی کی پالیسیوں پر سختی سے عملدرآمد کیا جا رہا ہے تاکہ صارفین کو محفوظ اور بااعتماد تجربہ فراہم کیا جا سکے۔