عائشہ اکرم بدتمیزی کیس ، ریمبو مرکزی ملزم قرار

لاہور : پولیس نے گریٹر اقبال پارک میں ٹک ٹاکر عائشہ اکرم سے بدتمیزی کے مقدمے خاتون کے ساتھی ریمبو کو مرکزی ملزم قرار دے دیا۔

تفصیلات کے مطابق گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے بدتمیزی کے مقدمے میں اہم پیش رفت سامنے آئی ، پولیس کی جانب سے ریمبو کی درخواست ضمانت پر رپورٹ عدالت میں جمع کرائی گئی۔

رپورٹ میں پولیس نے ریمبو کو مرکزی ملزم قرار دے دیا اور کہا ریمبو نے خاتون سے بد تمیزی کرانے میں اہم کردار ادا کیا لہذ ا عدالت ریمبو کی درخواست ضمانت مسترد کرے۔

خیال رہے خاتون ٹک ٹاکرز عائشہ اکرم کو ہراساں کرنے کے الزام میں گرفتار ملزم ریمبو نے ضمانت کے سیشن کورٹ سے رجوع کررکھا ہے۔

واضح رہے 14 اگست کے روز مینار پاکستان پر عائشہ اکرم کو وہاں موجود 400 افراد کی جانب سے تشدد اور جنسی حملے کا نشانہ بنایا گیا تھا، گریٹر اقبال پارک میں خاتون سے بدتمیزی کامقدمہ تھانہ لاری اڈا مین درج ہے۔