آسٹریلیا کے جارح مزاج بیٹر ٹم ڈیوڈ نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹی 20 میں تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بنا دیا۔
تیسرے ٹی 20 میں ویسٹ انڈیز نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 214 رنز بنائے، آسٹریلیا نے 215 رنز کا ہدف ٹم ڈیوڈ کی تیز ترین سنچری کی بدولت 16.1 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔
آسٹریلیا نے پانچ ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز میں 3 صفر کی فیصلہ کب برتری حاصل کر لی ہے۔
ٹم ڈیوڈ کو 37 گیندوں پر 102 رنز کی اننگز کھیلنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا، ان کی اننگز میں 6 چوکے اور 11 چھکے شامل تھے۔
ٹم ڈیوڈ نے آسٹریلیا کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی میں تیز ترین نصف سنچری اور تیز ترین سنچری کا ریکارڈ بنایا۔
ٹم ڈیوڈ نے 16 گیندوں پر نصف سنچری بنائی اور مارکس اسٹوئنس کا 17 گیندوں پر نصف سنچری کا ریکارڈ توڑا۔ اسی میچ میں ٹم ڈیوڈ نے 37 گیندوں پر سنچری مکمل کر کے جوش انگلس کا 43 گیندوں پر سنچری کا ریکارڈ بھی توڑا۔
میچ کے بعد گفتگو کرتے ہوئے ٹم ڈیوڈ نے کہا کہ میں ریکارڈز کے لیے نہیں کھیلتا لیکن میں نے ایمانداری سے نہیں سوچا تھا کہ مجھے سنچری بنانے کا موقع ملے گا۔
انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے لیے سنچری بنانا ہر کسی کا بچپن کا خواب ہوتا ہے، تو یہ یقینی طور پر میرے ذہن میں تھا۔