متحدہ عرب امارات کو ہائی پروٹین چارہ ایکسپورٹ کرنے کے حوالے سے اہم خبر

لاہور: صوبہ پنجاب نے متحدہ عرب امارات کو ہائی پروٹین چارہ ایکسپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی زیر صدارت خصوصی اجلاس منعقد ہوا، جس میں پنجاب سے متحدہ عرب امارات کو ہائی پروٹین چارہ ایکسپورٹ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس میں لائیو اسٹاک کے لیے ہائی پروٹین ”الفا الفا“ چارے کی کاشت بڑھانے کے لیے اقدامات کی منظوری دی گئی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ ہائی پروٹین چارے کو سائنٹیفک طریقے سے خشک کر کے محفوظ کیا جائے گا۔

اجلاس میں الفا الفا چارے کی کاشت کے لیے فارمر کو بیج مہیا کرنے کے لیے اقدامات پر بھی غور کیا گیا، وزیر اعلیٰ محسن نقوی نے کہا کہ ان کے دورہ یو اے ای کے دوران ہائی پروٹین چارے کی ایکسپورٹ پر بات چیت کی گئی تھی۔

انھوں نے ہدایت کی کہ ہائی پروٹین چارے کے لیے سرگودھا میں فوڈ ریسرچ سینٹر کو فعال کیا جائے، اور کہا کہ بیف اور مٹن کی ایکسپورٹ بڑھانے کا پوٹینشل بھی استعمال کرنے کی ضرورت ہے۔