سابق وزیر اعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے طبی معائنے کیلیے دو میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیے گئے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق ذرائع نے بتایا کہ پمز اور پولی کلینک کے ڈاکٹرز پر مشتمل دو اسٹینڈ بائے میڈیکل بورڈ قائم کیے گئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق پولی کلینک نے 4 رکنی اسٹینڈ بائے میڈیکل بورڈ تشکیل دیا ہے جس میں میڈیسن، امراض قلب، ہڈی جوڑ اور میڈیکولیگل کے ماہرین شامل ہیں۔ بورڈ کی سربراہی ڈاکٹر فرید اللہ شاہ کریں گے۔
اس کے علاوہ ڈاکٹر مامون قادر، ڈاکٹر اختر خان اور ڈاکٹر امتیاز احمد بھی میڈیکل بورڈ میں شامل ہیں۔ بورڈ بوقت ضرورت چیئرمین پی ٹی آئی کا معائنہ کرے گا۔
توشہ خانہ فوجداری کیس میں 3 سال قید کی سزا پانے والے چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے گا۔ پولیس کے مطابق ان کی ادویات اور کپڑوں کا بیگ روانہ کر دیا گیا ہے۔
آئی جی جیل خانہ جات کا کہنا ہے کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ منتقل کرنے کیلیے صوبائی حکومت نے کوئی اطلاع نہیں دی، جیسے ہی کوئی اطلاع ملتی ہے اس کے مطابق انتظامات کریں گے۔