کراچی: حب ریور روڈ پر لکی ٹول پلازہ کے ملازم پر گولی چلانے والے ملزم حاجی حمید نے ضمانت قبل از گرفتاری حاصل کر لی۔
تفصیلات کے مطابق ٹول پلازہ کے ملازم پر فائرنگ کرنے کے معاملے میں سندھ پولیس نے بلوچستان حکومت کی مدد سے چھاپے مارے، تاہم گرفتار ہونے سے قبل ہی مفرور ملزم حاجی حمید نے ضمانت حاصل کر لی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مفرور ملزم نے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کراچی سے ضمانت حاصل کی ہے، ملزم نے پولیس سے رابطہ کر کے ضمانت کی کاپی بھی بھجوا دی۔
معلوم ہوا ہے کہ اقدام قتل کے ملزم کی ضمانت 2 لاکھ روپے میں منظور کی گئی ہے، اور 15 روز کے بعد ملزم دوبارہ عدالت میں پیش ہوگا۔
بااثر شخص کی ٹول پلازہ ملازم کو گولیاں مارنے کی فوٹیج سامنے آ گئی
یاد رہے کہ 9 ستمبر کو حب ریور روڈ پر لکی ٹول پلازہ پر غلط سمت سے جانے سے روکنے پر ملزم حاجی حمید نے ٹول پلازہ ملازم کو بے دریغ گولی مار دی تھی اور موقع سے فرار ہو گیا تھا، گولی لگنے سے ملازم 25 سالہ ابرار شدید زخمی ہوا تاہم اسے اسپتال پہنچا کر طبی امداد دی گئی۔
اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج اے آر وائی نیوز نے حاصل کر لی تھی، جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ذرا سی تکرار کے بعد کار سوار نے گاڑی کے اندر سے پستول نکالا اور لڑکے کو بے دریغ گولی مار دی۔ بعد ازاں ملزم تک پہنچنے کے لیے پولیس تفتیش میں یہ بھی معلوم ہوا کہ مذکورہ کار نان ٹرانسفر نکلی ہے۔