نیشنل ہائی وے اور موٹروے پر ٹول ٹیکس میں بڑا اضافہ!

نیشنل ہائی وے اور موٹروے پر ٹول ٹیکس کی مد میں 35 سے 40 فیصد تک اضافہ کردیا گیا ہے، آل پاکستان ٹرانسپورٹرز نے اسے ناقابل قبول قرار دیدیا۔

تفصیلات کے مطابق بھاری گاڑیوں کیلئے نیشنل ہائی ویز پر ٹول ٹیکس 40 فیصد اضافے کے بعد 250 سے بڑھا کر 350 روپےکردیا گیا ہے، موٹر وے ایم 5 پر ٹول ٹیکس 37 فیصد اضافے کے بعد 3280 سے بڑھا کر 4500 کردیا گیا۔

ڈبل، ٹرپل ایکسل ٹرک کا ایم 3 پر ٹول ٹیکس 35 فیصد اضافے کے بعد 1550 سے بڑھ کر 2100 روپے ہوگیا ہے۔

بسوں کیلئے موٹر ویز پر ٹول ٹیکس 33 فیصد اضافے کے بعد 1200 سے بڑھا کر 1600 کردیا گیا ہے جبکہ نیشنل ہائی ویز پر ٹول ٹیکس 33 فیصد اضافے کے بعد 120 سے بڑھا کر 160 روپے کردیا گیا ہے۔

دریں اثنا سپریم کونسل آف آل پاکستان ٹرانسپورٹرز نے کہا ہے کہ ٹول ٹیکس میں ہوشربا اضافہ ناقابلِ قبول اور سراسرظلم ہے۔

ٹرانسپورٹرز پہلے ہی مہنگے داموں ڈیزل، اسپیئر پارٹس اور ٹائرز خریدنے پر مجبور ہیں، اضافے سے گڈز ٹرانسپورٹرز، آئل ٹینکرز، پبلک ٹرانسپورٹ، انٹرسٹی، لوکل بس اور ویگن مالکان بھی پریشان ہیں۔

آل پاکستان ٹرانسپورٹرز ایسوسی ایشن نے وزیرِاعظم اور نیشنل ہائی ویز اتھارٹیز سے درخواست کی ہے کہ ٹیکسز میں اضافہ واپس لیا جائے۔