بھارت میں ٹماٹر کی آسمان سے باتیں کرتی قیمتوں نے کسان کو کروڑ پتی بنا دیا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریاست تلنگانہ کے ضلع میدک میں ٹماٹروں نے کسان کو ایک ماہ سے بھی کم عرصے میں کروڑ پتی بنادیا کیونکہ کسان کو ٹماٹر کی فصل سے ایک کروڑ 80 لاکھ روپے کی آمدنی ہوئی۔
کسان کا نام مہی پال ریڈی بتایا گیا جو گاؤں میں 40 ایکڑ اراضی پر مختلف سبزیوں کی کاشت کرتے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق مہی پال نے 15 اپریل کو کھیتوں میں سے آٹھ ایکڑ پر ٹماٹر کاشت کیے تھے، جون کے وسط میں جب مارکیٹ میں ٹماٹر کی آمدنی کم ہوئی تو اس دوران وہ پریشان تھے تاہم دیکھتے ہی دیکھتے ٹماٹر کی قیمتیں آسمان کو چھونے لگیں تو مہی پال ریڈی کو ٹماٹر کے دام منہ مانگے ملنے لگے۔
کسان کا کہنا ہے کہ ٹماٹر مہنگے تو اس کی قیمت فی کلو سو روپے سے زائد ملنے لگی۔
مہی پال ریڈی نے بتایا کہ وہ گزشتہ بیس سال سے کھیتی باڑی کررہے ہیں لیکن کبھی ایک ماہ تو دور ایک سال کے عرصے میں بھی اتنی رقم نہیں کمائی ہے۔
کسان 20 ایکڑ اراضی کے مالک ہیں جو بقیہ زمین لیز پر لے کر کھیتی باڑی کرتے ہیں۔
مہی پال کا کہنا ہے کہ بیس سالوں کے دوران کاشتکاری میں بلندی اور پستی، عروج و زوال دیکھے ہیں لیکن اس طرح ٹماٹر کی قیمتیں پہلی بار دیکھی ہیں جو آسمانوں سے باتیں کررہی ہیں۔