لاہور: چیئرمین پاکستان سپر لیگ نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ آئی سی سی نے دنیا کے بہترین غیر ملکی کرکٹرز کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے لیے پاکستان بھیجنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں نجم سیٹھی کا کہنا تھا کہ جائلز کلارک نے آئی سی سی کی رپورٹ پر نظر ثانی کرتے ہوئے تین میچوں کی بین الاقوامی ٹی ٹوئنٹی سیریز کے انعقاد کی رضامندی دے دی ہے جس میں صف اول کے بین الااقوامی کرکٹرز شرکت کریں گے۔
Giles Clarke has reviewed security report of ICC experts & agreed 3 T20 matches in Pak end Sep of ICC Team of world’s TOP current players.
— Najam Sethi (@najamsethi) April 26, 2017
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ٹاسک ٹیم کے سربراہ جائلز کلارک نے یقین دہانی کرائی ہے کہ آئی سی سی ورلڈ الیون ٹیم کو ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلنے کے کیے پاکستان بھیجے گی جس میں دنیا کے صف اول کے بہترین کھلاڑی شامل ہوں گے جس سے پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ممکن ہو گی۔
کلارک کا کہنا تھا کہ اس سیریز کا مقصد پاکستان میں بین الاقوامی کرکٹ کی واپسی اور شائقین کرکٹ کو بہترین کرکٹ دیکھنے کا موقع فراہم کرنا ہے کیوں کہ دنیائے کرکٹ کو پاکستان میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کے سلسلے میں مدد کرنا چاہیے۔
خیال رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے ستمبر کے آخر میں تین ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز ہونے جا رہی ہے جس میں پاکستان کرکٹ ٹیم اور موجودہ صف اول کے غیر ملکی کھلاڑیوں پر مشتمل ورلڈ الیون کے دوسرے سے نبرد آزما ہوں گے۔
یاد رہے کہ رواں سال جنوری میں جائلز کلارک دو روزہ دورے پر پاکستان آئے تھے اور لاہور میں انٹرنیشنل کرکٹ کی تیاریوں اور حفاظتی اقدام کا معائنہ کرتے ہوئے اطمینان کا اظہار کیا تھا۔