اسلام آباد : توشہ خانہ ریفرنس میں سابق صدر آصف زرداری اور یوسف رضا گیلانی کیخلاف فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، نواز شریف کے خلاف اشتہاری قرار دینے کی کارروائی مؤخر کردی گئی۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت اسلام آباد میں توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت جج سید اصغر علی نے کی، اس موقع پر آصف علی زرداری، بلاول بھٹو زرداری، وکیل فاروق ایچ نائیک، آصفہ بھٹو، راجہ پرویزاشرف، اور دیگر بھی موجود تھے۔
احتساب عدالت نے یوسف رضا گیلانی اور آصف زرداری پر 9 ستمبر کو فرد جرم عائد کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی، عبدالغنی مجید اور انور مجید بھی فردجرم کے لیے 9 ستمبر کو طلب کرتے ہوئے آصف زرداری کو آئندہ سماعت پر استثنیٰ دینے کی استدعا مسترد کردی اور کہا کہ ملزم خود پیش ہو۔
دوران سماعت ڈپٹی پراسیکیوٹر نیب سردار مظفر اور آصف زرداری کے وکلاکے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا، نیب پراسیکیوٹر اور وکیل صفائی نے ایک دوسرے کو شٹ اپ کہہ دیا۔