توشہ خانہ ٹو کیس کی آج ہونے والی سماعت ملتوی

عمران خان کیخلاف توشہ خانہ ٹو کیس، آج ہونے والی سماعت ملتوی

راولپنڈی (27 اگست 2025): بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی اڈیالہ جیل میں آج ہونے والی سماعت ملتوی کر دی گئی۔

عدالتی عملے نے سماعت ملتوی ہونے کے بارے میں عمران خان کے وکیل خالد یوسف چوہدری کو باضابطہ آگاہ کر دیا۔ آج سے اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت روزانہ کی بنیاد پر شروع ہونا تھی۔

گزشتہ روز جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند نے سماعت آج تک کیلیے ملتوی کی تھی۔ کیس میں اب تک استغاثہ کے 12 گواہان کے بیانات قلمبند جبکہ 11 پر جرح مکمل کی جا چکی ہے۔

گزشتہ روز کی سماعت کا احوال

بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف اڈیالہ جیل میں توشہ خانہ کیس ٹو کی سماعت ہوئی، اس موقع پر دونوں کو عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

استغاثہ کے گواہ کسٹمز کے ثنا جاوید بیان ریکارڈ کروانے کیلیے کل (یعنی آج) طلب کیا۔ 11ویں گواہ اے ڈی نیب آفتاب حسین پر عمران خان کے وکیل قوسین فیصل نے جرح کی۔

مقدمے کے 12ویں گواہ کسٹمز کی رابعہ صمد کا بیان بھی قلمبند کیا گیا جبکہ 13ویں گواہ نیب کے حسنین مرتضیٰ کا بیان غیر ضروری جان کر ترک کر دیا گیا تھا۔

عمران خان کے وکیل قوسین فیصل کے تاخیر سے آنے پر عدالت کا اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا کہ 10 بجے کی عدالت لگی ہے آپ 2 بجے عدالت پہنچے ہیں، آپ سابق وزیر اعظم کے وکیل ہیں آئندہ وقت کی پابندی کریں۔

بانی پی ٹی آئی کی تینوں بہنیں، بشریٰ بی بی کی بھابھی اور بیٹی کمرہ عدالت موجود تھیں، سماعت کے دوران بیرسٹر گوہر، سلمان اکرم راجہ اور علی ظفر بھی موجود تھے۔

اسپیشل جج سینٹرل کی عدالت نے توشہ خانہ کیس ٹو کی سماعت کل (یعنی آج) تک ملتوی کی تھی۔