190 ملین پاؤنڈ ریفرنس: بانی PTI، بشریٰ بی بی پر فرد جرم کی کارروائی پھر مؤخر

بشریٰ بی بی

اسلام آباد: 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بانی پاکستان تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی پر فرد جرم کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر کر دی گئی۔

اڈیالہ جیل میں احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے خلاف توشہ خانہ اور 190 ملین پاؤنڈ ریفرنسز پر سماعت کی۔ اس موقع پر نیب ڈپٹی پراسیکیوٹر سردار مظفر، امجد پرویز ایڈووکیٹ، عرفان بھولا، سہیل عارف، وکلا صفائی بیرسٹر علی ظفر، سلمان صفدر، سکندر ذوالقرنین، عثمان گل و دیگر پیش ہوئے۔

وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ آج 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں فرد جرم عائد ہونا تھی اور ملزمان نے حاضری یقینی بنانا تھی لیکن بشریٰ بی بی آج بھی موجود نہیں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جان بوجھ کر کیسز میں تاخیری حربے استعمال کیے جا رہے ہیں۔

اس پر وکیل صفائی سلمان صفدر نے کہا کہ ہمارے کیسز زیادہ اور وکیل کم ہیں۔ انہوں نے استدعا کی کہ منگل تک سماعت ملتوی کی جائے۔

ادھر، توشہ خانہ ریفرنس میں بھی وکلا صفائی تبدیل کرنے کی درخواست دائر کی گئی۔ سلمان صفدر اور سکندر ذوالقرنین آئندہ سماعت پر وکالت نامے جمع کروائیں گے۔

عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت 27 جنوری تک ملتوی کر دی جبکہ 190 ملین پاؤنڈ ریفرنس میں بھی ملزمان پر فرد جرم عائد نہ ہو سکی اور اب اس کی مزید سماعت 30 جنوری کو ہوگی۔