پاکستان نے آسٹریلیا الیون کو شکست دے کر خطرے کی گھنٹی بجادی

سڈنی: قومی کرکٹ ٹیم نے ٹی ٹوئنٹی وارم اپ میچ میں آسٹریلیا الیون کو با آسانی شکست دے کر دورے کا پرُاعتماد آغاز کیا ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 3 نومبر کو کھیلا جائے گا۔

تفصیلات کے مطابق سڈنی کے بینکس ٹاؤن کے میدان پر کھیلے گئے پریکٹس میچ میں شاہینوں نے کینگروز کو دبوچ لیا، قومی کھلاڑیوں نے عمدہ پرفارمنس کی بدولت نہ صرف حریف کھلاڑیوں پر اپنی دھاک بٹھا دی بلکہ آسٹریلیا کے لیے خطرے کی گھنٹی بھی بجا دی۔

میزبان ٹیم کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو گرین شرٹس کے بولرز نے ابتدا سے ہی بلے بازوں کو دباؤ میں رکھا جس کی وجہ سے انہیں کھل کر اسٹروکس کھیلنے کا موقع نہ مل سکا۔

قومی بولرز کی نپی تلی بولنگ کی بدولت میزبان ٹیم مقررہ اوورز میں 6 وکٹوں پر 135 رنز ہی بنا سکی، لیگ اسپنر شاداب خان نے 3، محمد عرفان، عماد وسیم اور وہاب ریاض نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

ہدف کے تعاقب میں اوپنرز فخرزمان اور بابر اعظم نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور ٹیم کی جیت کو آسان بنا دیا، پاکستان نے مقررہ ہدف 18 ویں اوور میں حاصل کرلیا۔

فخر زمان 43 رنز بنا کر ٹاپ اسکورر رہےجب کہ بابر اعظم نے 34 اور مڈل آرڈر بیٹسمین حارث سہیل نے 32 رنز بنائے۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی 3 نومبر کو کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا 5 نومبرکو کنبیرا اور تیسرا 8 نومبر کو پرتھ میں کھیلا جائے گا۔

قومی کرکٹ ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کے بعد 2 میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز بھی کھیلی گی جس کی قیادت اظہر علی کریں گے۔