مانسہرہ: دریائےکنہار میں بہہ جانے والے سیاح کو 16 گھنٹے بعد ریسکیو کر لیا گیا۔
گزشتہ روز گوجرانوالہ کے رہائشی سیاحوں کی گاڑی بالاکوٹ فریدآباد پر دریا میں گر گئی تھی جس کے نتیجے میں 3 سیاحوں کو گزشتہ روز ہی نکال لیا تھا جب کہ ایک سیاح دریا میں بہہ گیا تھا۔
پولیس کے مطابق بہہ جانے والے مسافر کو 16 گھنٹوں بعد زندہ ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ سیاح 16 گھنٹےدریا کے درمیان پتھروں میں پھنسا رہا۔
مقامی افراد نے تین افراد کو زخمی حالت میں دریا سے نکال لیا جبکہ ایک شخص بہہ گیا۔ لاپتہ سیاح کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن جاری رہا۔
اطلاع ملنے پر کوائی اسٹیشن سے ریسکیو 1122 کی ٹیم فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی تھیں۔ زخمیوں کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی گئی اور بعد ازاں انہیں علاج کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔
خیبرپختونخوا حکومت نے سیلابی صورتحال میں ریسکیو کیلئے ڈرون حاصل کر لیا۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق ڈرون سے لائف جیکٹس، رسیاں، دیگر سامان متاثرہ علاقوں تک پہنچایا جائے گا۔ چیف سیکرٹری کےپی شہاب علی شاہ کو ڈرون مشق کا مظاہرہ دکھایا گیا۔
ترجمان وزیراعلیٰ کے مطابق شمالی علاقہ جات کیلئے ڈرونز خریدنے کی سمری پیش کر دی گئی ہے۔ ابتدائی طور پر سیاحتی و دریاؤں والے علاقوں کیلئے 30 ڈرونز خریدے جائیں گے جن میں 10 بڑے اور 20 چھوٹے ڈرونز ہوں گے۔
ایمرجنسی میں 4 بڑے ڈرونز خریدے جائیں گے۔
بڑےڈرونز لائف جیکٹس، رسی اور دیگر امدادی سامان کی ترسیل میں استعمال ہوں گے جب کہ چھوٹے ڈرونز مختلف ریسکیو آپریشن کی نگرانی اور امدادی کاموں میں استعمال ہوں گے۔
ریسکیو 1122 کو 2 ہزار لائف جیکٹس بھی فراہم کر دی گئی ہیں۔