ڈی آئی خان: ڈیرہ اسماعیل خان میں کھلونا نما بم نے تین بچوں کی جان لے لی، کھلونا بم دھماکا تھانہ یونیورسٹی کی حدود میں ایک گھر میں ہوا۔
تفصیلات کے مطابق تھانہ یونی ورسٹی کی حدود میں واقع گھر میں کھلونا نما بم دھماکے سے پھٹ گیا، جس سے 2 بھائی اور ایک بہن جاں بحق ہو گئے۔
جاں بحق ہونے والے بچوں کی نعشیں اسپتال منتقل کر دی گئی ہیں، ذرایع کا کہنا ہے دھماکا صفدر نامی شخص کے گھر میں ہوا، پولیس کا کہنا ہے جاں بحق ہونے والے بچوں کی عمریں پانچ سے نو سال کے درمیان ہیں۔
اطلاعات کے مطابق بچے بم کو کھلونا سمجھ کر کھیل رہے تھے کہ ایسے میں دھماکا ہو گیا، جس سے تین بچے شدید زخمی ہو کر جاں بحق ہو گئے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈی آئی خان میں اسپتال کے گیٹ پرخودکش دھماکا، 4 افراد جاں بحق
پولیس نے کھلونا بم کے سلسلے میں تحقیقات شروع کر دی ہیں، یہ معلوم نہیں ہو سکا ہے کہ کھلونا بم کہاں سے آیا تھا۔
یاد رہے کہ جولائی میں ڈی آئی خان کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال کے دروازے پر خود کش دھماکا ہوا تھا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جب کہ 10 افراد زخمی ہوئے تھے، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کوٹلہ سیداں پولیس چیک پوسٹ پر دہشت گردوں نے فائرنگ کر کے 2 پولیس اہل کار شہید کر دیے تھے، ان کی لاشیں اسپتال لائی گئیں تو دھماکا ہوا۔