بیرون ملک درجنوں نئے ٹریڈ افسران کی تعیناتی کا عمل تعطل کا شکار

اسلام آباد: بیرون ملک درجنوں نئے ٹریڈ افسران کی تعیناتی کا عمل 3 ماہ سے تعطل کا شکار ہے۔

ذرائع وزارت تجارت کے مطابق نئے ٹریڈ افسران کی بیرون ملک تعیناتی کا عمل تعطل کا شکار ہو گیا ہے، کچھ امیدواروں کو انٹرویوز میں نااہل قرار دیے جانے پر تنازع پیدا ہو گیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ 40 نئے ٹریڈ افسران کی تعیناتی کے لیے انٹرویوز کا عمل مکمل ہوئے 3 ماہ ہو چکے ہیں، پہلے سے بیرون ملک تعینات ٹریڈ افسران کی توسیع کو بھی ایک سال ہو گیا ہے۔

ایف بی آر نے 20 ستمبر کو متاثرہ افسران کا نیا ڈیٹا وزارت تجارت کو جمع کرایا تھا، نگراں وزیر تجارت گوہر اعجاز کی سربراہی میں بورڈ نے امیدواروں کے انٹرویوز کیے، جس کے بعد ٹریڈ افسران کی تعیناتی کے لیے ناموں کی سمری وزیر اعظم کو بھیجی جائے گی۔

حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ کل 262 میں سے 161 فیل اور 101 امیدوار تحریری امتحان میں پاس ہوئے ہیں۔ سڈنی، ہانگ گانگ، شنگھائی، جکارتہ، ریاض، واشنگٹن، لندن، قندھار، ٹوکیو، نئی دہلی، بنکاک، نیویارک، میڈرڈ، جدہ سمیت دیگر مختلف اسٹیشنز پر ٹریڈ افسران تعینات ہوں گے۔