اسلام آباد: بیرون ملک ٹریڈ افسران کی تعیناتی کے معاملے میں وزارت تجارت نے 2 افسران کو انٹرویوز کے لیے نااہل قرار دینے کا فیصلہ واپس لے لیا ہے۔
ذرائع وزارت تجارت کے مطابق ایف بی آر کے 2 افسران کو انٹرویوز کے لیے اہل قرار دے دیا گیا ہے، ان لینڈ ریونیو سروس کے ان دو افسران کو انٹرویوز کے لیے آج بلا لیا گیا ہے۔
انٹرویوز کے لیے نگراں وزیر تجارت گوہر اعجاز کی سربراہی میں ایک بورڈ قائم ہے، جس کے سامنے گریڈ 20 کی شگفتہ زرین اور گریڈ 19 کی صوبیہ مظہر کے انٹرویوز آج ہوں گے، نیز ٹریڈ افسران کی تعیناتی کی سمری جلد وزیر اعظم کو بھیج دی جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹریڈ افسران کی تعیناتی کا عمل متنازعہ بن جانے کے باعث تاحال مکمل نہیں ہو سکا ہے، کچھ امیدواروں کو انٹرویوز میں نااہل قرار دینے پر تنازعہ پیدا ہو گیا تھا، جب کہ نئے 40 ٹریڈ افسران کی تعیناتی کے لیے انٹرویوز کا عمل مکمل ہوئے 3 ماہ ہو چکے ہیں۔
بیرون ملک درجنوں نئے ٹریڈ افسران کی تعیناتی کا عمل تعطل کا شکار
ذرائع کے مطابق پہلے سے بیرون ملک تعینات ٹریڈ افسران کی توسیع کو بھی ایک سال ہو گیا ہے، دراصل کچھ افسران کو عین انٹرویوز کے موقع پر عمل سے آؤٹ کر دیا گیا تھا، اور تحریری امتحان میں پاس بعض امیدواروں کو انٹرویوز کے لیے نااہل کیا گیا۔