حکومت اور بزنس کمیونٹی میں فنانس بل کی متنازع شقوں پر مذاکرات کامیاب ہو گئے جس کے بعد صدر ایف پی سی سی آئی نے کل ہڑتال نہ کرنے کا اعلان کر دیا۔
صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام کے مطابق حکومت نے فنانس بل اور سیلزٹیکس ایکٹ کی متنازع شقوں پر لچک دکھائی ہے حکومت نے متنازع شقیں واپس لینے کا اعلان کیا ہے حکومت نے بزنس کمیونٹی کےتمام مطالبات تسلیم کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے چیمبرز ہڑتال نہ کرنے پر ہمارے ساتھ ہیں کچھ دوست ناراض تھے آج کی میٹنگ کے بعد وہ بھی ہم سےمتفق ہیں، کسی ایک بندے نے کال دی تو انفرادی حیثیت میں ہو گی اس کا بزنس کمیونٹی سےتعلق نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے بزنس کمیونٹی کے تحفظات بہت اچھے طریقے سے سنے کل بزنس کمیونٹی کی جانب سےہڑتال نہیں ہو گی۔
صدر انجمن تاجران پاکستان اجمل بلوچ نے کہا کہ پہلی بار ایف پی سی سی آئی اور انجمن تاجران ایک پیج پر ہیں حکومت نے تمام مسئلے حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے ایک ماہ میں مسئلےحل ہو جائیں گے،ابھی ہڑتال کی ضرورت نہیں جب ضرورت پڑی تو انجمن تاجران اور تمام چیمبرز مل کر بڑی ہڑتال کریں گے۔
گروپ لیڈر راولپنڈی چیمبر سہیل الطاف نے کہا کہ حکومتی یقین دہانی پر احتجاج کی کال مؤخر کر رہے ہیں ضرورت پڑی توسب مل کر احتجاج کرینگے۔
صدرسیالکوٹ چیمبر اکرام الحق نے واضح کیا کہ حکومت سے اگلی میٹنگ تک احتجاج مؤخر کرنے کا اعلان کرتے ہیں حکومت نے آج کے اجلاس میں مثبت رویہ اپنایا۔