اسلام آباد : تاجروں نے حکومت کو دھمکی دی کہ اگر تاجر دوست ٹیکس اسکیم کے تحت جاری ایس آر او واپس نہ لیا گیا تو ملک بھر میں شٹرڈاؤن کا اعلان کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق صدر آل پاکستان انجمن تاجران اجمل بلوچ نے تاجر دوست ٹیکس اسکیم کے تحت جاری ویلوایشن مسترد کردیا۔
صدر آل پاکستان انجمن تاجران نے کہا کہ ایف بی آر فوری طور پر ایس آر او واپس لے، اگر ایس آر او واپس نہ لیا گیا تو ملک بھر میں شٹرڈاؤن کا اعلان کریں گے۔
اجمل بلوچ کا کہنا تھا کہ تاجر نمائندوں کیساتھ مشاورت سے بنائی گئی اسکیم کے مطابق ایس آر او جاری کیا جائے۔
انھوں نے کہا کہ ایف بی آر کو مذاکرات کے دوران بتا دیا تھا کہ اسکیم فیل ہو چکی، فائلرز اور نان فائلرز سب بجلی کے بلوں میں ایڈوانس انکم ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔
صدر آل پاکستان انجمن تاجران نے واضح کہا کہ تاجر کسی صورت مزید ایڈوانس انکم ٹیکس جمع نہیں کرائیں گے۔