تاجروں کی ملک بھر میں ہڑتال سے معیشت کو کتنے ارب کا نقصان پہنچا؟

مارکیٹ ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ ملک بھر میں تاجروں کی ہڑتال سے معیشت کو 50 ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچا ہے۔

بے جا ٹیکسز کے خلاف تاجروں نے ملک بھرمیں کامیاب شٹرداؤن ہڑتال کی تھی، مارکیٹ ذرائع کا کہنا ہے کہ تاجروں کی ہڑتال کے باعث معیشت کو 50 سے 55 ارب روپے کا نقصان ہوا، ایف بی آر کو ٹیکسز کی مد میں 8 سے 10 ارب روپے کا نقصان ہوا۔

مارکیٹ ذرائع کی جانب سے بتایا گیا کہ پیٹرولیم ڈیولپمنٹ لیوی کی مد میں بھی ڈیڑھ سے 2 ارب روپے کا نقصان پہنچا ہے۔

خیال رہے کہ بجلی کے بھاری بھرکم بلوں اور ٹیکسوں کی بھرمار کےخلاف ملک گیر ہڑتال کی گئی، کراچی تا خیبر تک کاروباری مراکز بند رہے، شہرقائد کے بازاروں میں سناٹا رہا، دکانیں اور بڑی تمام مارکیٹیں مکمل بند رہیں۔

شہر میں بعض مقامات پر پٹرول پمپس بھی بند تھے، ہڑتال کے باعث ٹرانسپورٹ بھی معمول سے کم رہی، شیرشاہ اور مومن آباد میں تاجروں نے سڑکوں پر رکاوٹیں کھڑی کرکے ٹائرنذرآتش کیے، احتجاج ریکارڈ کرایا۔

صدرکراچی الیکٹرونس ڈیلرز رضوان عرفان کا کہنا تھا کہ ایف بی آر ظالمانہ ٹیکسز کا خاتمہ کرے، حکومت معیشت کی بہتری کیلئے کام کرے، ہڑتال کے باعث اشیائے خورونوش کی ترسیل معطل ہے۔

لاہورمیں بھی تاجر سراپا احتجاج رہے، کاروباری مراکز اورشاپنگ سینٹرز، اردو بازار، شاہ عالم مارکیٹ، رنگ محل، اکبری مارکیٹ میں دکانوں میں تالے پڑے رہے، دکانداروں کا کہنا ہے کہ جب تک حکومت مطالبات نہیں مانے گی احتجاج جاری رہے گا۔

راولپنڈی میں چھوٹے بڑے کاروباری مراکز مکمل بند تھے جبکہ تندور والے بھی ہڑتال میں شامل ہوگئے، فیصل آباد میں بھی غلہ منڈی سمیت بازار بند رہے۔