ایف پی سی سی آئی اور لاہور چیمبر کے درمیان زبردست لفظی گولہ باری شروع

تاجروں کی ہڑتال لاہور چیمبر

کراچی: ہفتے کی ہڑتال کی کال پر ایف پی سی سی آئی اور لاہور چیمبر کے درمیان زبردست لفظی گولہ باری شروع ہو گئی، لاہور چیمبر کے صدر ابوذر شاد نے ایف پی سی سی کے صدر عاطف اکرام شیخ کے خلاف اعلان جنگ کر دیا۔

ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام کے 17 جولائی کے خط کے جواب میں لاہور چیمبر کے صدر نے ایف پی سی سی آئی کے صدر سے استعفیٰ مانگ لیا ہے، لاہور چیمبر کے صدر ابوذر شاد نے کہا ہے کہ کاروبار مخالف پالیسیوں کے خلاف مضبوط مؤقف اختیار کرنے میں آپ کی نااہلی ایف پی سی سی آئی کے صدر کی حیثیت سے آپ کے کردار پر سنگین سوالات اٹھاتی ہے۔

انھوں نے کہا کہ اپنی ناکامیوں کی ذمہ داری دوسروں پر ڈالنے کی بجائے، آپ کو خود کا جائزہ لینا چاہیے کہ تاجر برادری کا آپ کی قیادت سے اعتماد کیوں ختم ہو گیا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ آپ کے ذاتی مفادات اجتماعی بھلائی کی وکالت کرنے کے آپ کے فرض پر چھا جاتے ہیں۔

صدر لاہور چیمبر ابوذر شاد نے کہا کہ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ آپ کو فوری طور پر عہدہ چھوڑ دینا چاہیے۔ تاجر برادری کو ایسے نمائندوں کی ضرورت نہیں ہے جو حکومت کے لیے ثالث کا کردار ادا کریں۔


کراچی سے مانسہرہ اور کینجھر جھیل جانے والی 2 بسیں الٹنے سے 9 مسافر جاں بحق


دوسری جانب ایف پی سی سی آئی کے صدر عاطف اکرام شیخ نے لاہور چیمبر کے صدر ابوزر شاد سے کہا کہ حکومت کے ساتھ میٹنگ کے دوران آپ کے طرز عمل پر گہری تشویش اور مایوسی ہے، افسوس کی بات ہے کہ کارروائی کے دوران آپ کا رویہ اور طرز عمل آپ کے عہدہ کے مطابق نہیں تھا۔

عاطف اکرام نے لاہور چیمبر کے صدر کو کہا کہ آپ کے طرز عمل نے نہ صرف اجلاس کے لہجے اور مقصد میں خلل ڈالا بلکہ موجود ہر شخص کا قیمتی وقت اور توانائی ضائع کی، ایسا رویہ کاروباری برادری کی نمائندگی کی ساکھ کو مجروح کرتا ہے اور ان اداروں کو نقصان پہنچاتا ہے جن کی ہم قیادت کرتے ہیں۔