کراچی : شہر قائد میں جان لیوا ٹریفک حادثات تھمنے کا نام نہیں لے رہے، منگھوپیر اور شاہ فیصل کالونی میں خاتون سمیت پانچ افراد جان کی بازی ہار گئے۔
کراچی کے مختلف علاقوں میں چند گھنٹوں کے دوران 5ٹریفک حادثات میں خاتون سمیت 5 افراد جاں بحق جبکہ 2زخمی ہوگئے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق ریسکیوحکام کا کہنا ہے کہ یہ ٹریفک حادثات ریڈیو پاکستان، کورنگی ،شاہ فیصل کالونی، منگھوپیر، لانڈھی میں پیش آئے۔
ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون بھی شامل ہیں، گلستان جوہر میں گاڑی کی ٹکر سے فوڈ ڈلیوری رائیڈر بھی زخمی ہوا۔
رپورٹ کے مطابق رواں سال ٹریفک حادثات میں 536 شہری جان سے جاچکے، 6ہزار سے زائد زخمی ہوئے جن میں سے درجنوں افراد معذوری اور تکلیف دہ زندگی گزار رہے ہیں۔