کراچی میں ٹریفک حادثات: 3 خواتین سمیت 8 افراد جاں بحق

ٹریفک حادثات

کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ٹریفک حادثات میں 3 خواتین سمیت 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مختلف ٹریفک حادثات میں 8 افراد جاں بحق ہوئے۔

نیٹی جیٹی فلائی اوور پر موٹر سائیکل سوار نوجوان ٹریلر کی زد میں آکر جاں بحق ہوا، مائی کلاچی روڈ پر ٹریلر کی زد میں آکر خاتون سمیت 2 افراد جاں بحق ہوئے۔

جاں بحق نوجوان اور خاتون ٹک ٹاکر تھے، سی ویو سے واپسی پر حادثے کا شکار ہوئے، گلستان جوہر انڈر پاس میں تیز رفتار کار کی زد میں آکر 2 خواتین جاں بحق ہوئیں۔

احسن آباد میں ڈرائیور کو ٹرک کے ٹائروں تلے روندنے والا کلینر فرار ہوگیا، اورنگی ٹاؤن سیکٹر ساڑھے11میں واٹرٹینکر نے ایک بچے کی جان لے لی۔

ہاکس بے روڈ پر ٹریفک حادثے میں ایک شخص جاں بحق ہوگیا۔ ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والوں کی لاشوں اور زخمی افراد کو مقامی اسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی گئی۔

واضح رہے کہ کراچی میں رواں سال کے 7 ماہ کے دوران ٹریفک حادثات میں 536 افراد جان کی بازی ہارے۔ اعداد و شمار کے مطابق اس عرصے میں ٹریفک حادثات میں جاں بحق ہونے والی خواتین کی تعداد 51رہی، جبکہ سڑک پر ہونے والے دیگر حادثات میں جاں بحق ہونے والے بچوں اور بچیوں کی تعداد 68 ہے۔

ٹریفک حادثات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والوں میں موٹر سائیکل سوار تھے، دوسرے نمبر پر پیدل چلنے والے اور تیسرے نمبر پر دیگر گاڑیوں کے سوار شامل تھے، حادثات میں سب سے زیادہ 274 موٹر سائیکل سوار، پیدل چلنے والے 179 افراد جبکہ دیگر سواریوں کے 83 افراد جاں بحق ہوئے۔