لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند سے پروازیں متاثر ہونے کے بعد اب ٹرینوں کا پہیہ بھی جام ہو گیا اور وہ گھنٹوں کی تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند نے عوام کے معمولات زندگی درہم برہم کر رکھے ہیں۔ پروازیں پہلے ہی متاثر ہو رہی تھیں اب ٹرینیں بھی گھنٹوں تاخیر کا شکار ہو رہی ہیں۔
دھند کے باعث کراچی سے پشاور جانے والی خیبر میل ایکسپریس ایک گھنٹہ 54 منٹ تاخیر کا شکار ہے۔ بولان میل 4 ڈاؤن تین گھنٹے 10 منٹ تاخیر کا شکار ہے جب کہ کراچی سے لاہور جانے والی گرین لائن ایک گھنٹہ 28 منٹ تاخیر سے منزل تک پہنچے گی۔
تیز گام ایک گھنٹہ 47 منٹ، کراچی سے سیالکوٹ جانے والی علامہ اقبال ایکسپریس ایک گھنٹہ 50 منٹ، ہزارہ ایکسپریس ڈاؤن ایک گھنٹہ 40 منٹ، عوام اور کراچی ایکسپریس ڈاؤن دو گھنٹے تاخیر کا شکار ہیں۔
ملت ایکسپریس ساڑھے 4 گھنٹے 35 منٹ، بہا الدین ذکریا ایکسپریس ایک گھنٹہ 36 منٹ، کراچی سے لاہور جانے والی شالیمار ایکسپریس تین گھنٹے 35 منٹ، کراچی سے ہی لاہور جانے والی پاک بزنس ایکسپریس ایک گھنٹہ 42 منٹ تاخیر سے اپنی اپنی منزلوں تک پہنچیں گی۔
فرید ایکسپریس کو ایک گھنٹہ 40 منٹ، کوئٹہ جانے والی جعفر ایکسپریس 26 منٹ، کراچی سے لاہور جانے والی قراقرم ایکسپریس ایک گھنٹہ تین منٹ اور کراچی سے جانے والی رحمان بابا ایکسپریس دو گھنٹے چالیس منٹ تاخیر کا شکار ہے۔
شدید سردی میں ٹرینوں کی تاخیر سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
دوسری جانب دھند کے باعث کئی مقامات پر ایم ون موٹر وے دو مقامات پر بند کر دیا گیا ہے۔۔ موٹر وے ایم ون پشاور سے برہان تک اور موٹر وے ایم ون سوات ایکسپریس وے کرنل شیر خان سے اسماعیلہ تک ٹریفک کیلئے بند ہے۔۔ موٹر وے ایم تھری فیض پور سے درخانہ تک اور موٹر وے ایم فائیو رحیم یار خان سے روہڑی تک دھند کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔