کراچی: شہر قائد میں خواجہ سراؤں کی گرفتاری پر ان کے ساتھی خواجہ سراؤں نے درخشاں تھانے پرحملہ کردیا، پولیس نے مجموعی طور پر 21 خواجہ سراؤں کو حراست میں لے لیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے ڈیفنس اور بدر کمرشل میں درخشاں پولیس نے شہریوں کی شکایت پر خواجہ سراؤں کے خلاف کریک ڈاؤن کرتے ہوئے 13 کو گرفتار کرکے تھانہ منتقل کیا تھا۔
شہری قیصر مسعود ملک نے 2 روز قبل مقدمہ درج کرایا تھا کہ خواجہ سرا بدر کمرشل پر فحاشی پھیلارہے ہیں اور جب انہیں منع کیا گیا تو انہوں نے ڈنڈوں اور اسلحہ سے ان پر حملہ کرنے اور جان سے مارنے کی کوشش بھی کی۔
شہری کی درخواست پرخواجہ سراؤں کے خلاف کارروائی کی تو ان کے ساتھیوں نے گرفتاری کے خلاف درخشاں تھانے میں احتجاج کیا اور تھانے میں توڑ پھوڑ کی۔ احتجاج کے دوران پولیس خواجہ سراؤں نے تھانے کی کھڑکیوں،دروازوں کو توڑ دیا اور شدید ہنگامہ آرائی کی۔
پولیس نے درخشاں پولیس اسٹیشن میں ہنگامہ آرائی کرنے والے 8 مزید خواجہ سراؤں کو گرفتار کرکے ان کے خلاف نقص امن کا مقدمہ درج کرلیا ہے ۔
خیال رہے کہ خواجہ سراؤں کی تھانے میں ہنگامہ آرائی اور توڑ پھوڑ معمول بنتی جارہی ہے، اس سے قبل پیرآباد اور کلفٹن تھانہ میں بھی خواجہ سرا ہنگامہ آرائی کرچکے ہیں۔
شہر قائد کے پوش علاقوں میں خواجہ سرا غیر اخلاقی سرگرمیوں میں بھی ملوث پائے جاتے ہیں اور ان میں سے کچھ منشیات کی خریدو فروخت میں بھی ملوث ہوتے ہیں۔