ہالی وڈ کے نامور اداکار ٹریفک حادثے میں چل بسے

ہالی وڈ کے نامور اداکار ٹریفک حادثے میں چل بسے

فلم ’ایور ووڈ‘ اور ’ہیئر‘ میں مرکزی کردار نبھانے والے ہالی وڈ اسٹار ٹریٹ ولیمز امریکا میں ٹریفک حادثے میں ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق 71 سالہ اداکار ٹریٹ ولیمز کی ٹریفک حادثے میں موت کی تصدیق ان کے ایجنٹ بیری میک فیرسن نے کر دی۔

ٹریٹ ولیمز پیر کے روز ریاست ورمونٹ میں سڑک پر موٹر سائیکل چلا رہے تھے کہ سامنے سے آنے والی ایک کار سے ان کی ٹکر ہوگئی۔ انہیں شدید زخمی حالت میں فوری اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ زیرِ علاج تھے اور آج چل بسے۔

بیری میک فیرسن نے بتایا کہ ٹریٹ ولیمز آج دوپہر دورانِ علاج انتقال کر گئے، میں ان کی موت پر انتہائی دکھ میں ہوں، وہ بہت اچھے اور باصلاحیت انسان تھے۔

ایجنٹ نے بتایا کہ فلم ساز ان پر فخر کرتے تھے، انہوں نے 1970 سے ہالی وڈ پر راج کیا، وہ اپنی رواں سال پرفارمنس پر بہت خوش تھے۔

ٹریٹ ولیمز نے سال 1975 میں سنسنی خیز فلم ’ڈیڈلی ہیرو‘ سے ڈیبیو کیا۔ ان کا فلم انڈسٹری میں طویل اور کامیاب کیریئر رہا۔