توشہ خانہ کیس کو قابل سماعت قرار دینے کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ دوبارہ چیلنج

توشہ خانہ کیس

اسلام آباد : چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس کو قابل سماعت قرار دینے کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ دوبارہ چیلنج کردیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ کیس کو قابل سماعت قرار دینے کے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کیخلاف اسلام آباد ہائی کورٹ سے رجوع کرلیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے خواجہ حارث کے ذریعے درخواست دائر کی، جس میں 8 جولائی کا سیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

درخواست گزار نے اپنے مؤقف میں کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی شکایت 120دن میں دائر نہیں کی گئی اور کیس ٹرائل کورٹ کو بھجواتے ہوئےقانونی طریقہ نہیں اپنایا گیا۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ توشہ خانہ کیس قابل سماعت قرار دینے کا ٹرائل کورٹ کا فیصلہ خلاف قانون ہے ،استدعا ہے ٹرائل کورٹ کے فیصلے کو کالعدم قرار دیا جائے۔

یاد رہے سیشن عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف توشہ خانہ کیس کو قابل سماعت قرار دیتے ہوئے 12 جولائی کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا تھا۔