کارتک آریان کی فلم ’بھول بھلیاں 3‘ کی ہیروئن کا نام سامنے آگیا

کارتک آریان کی فلم ’بھول بھلیاں 3‘ کی ہیروئن کا نام سامنے آگیا

ممبئی: بھول بھلیاں فرنچائز کی تیسری پیشکش میں معروف بالی وڈ اداکار کارتک آریان کے مدمقابل ہیروئن کا کردار نبھانے والی مشہور اداکارہ کا نام سامنے آگیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انیس بزمی کی ہدایت کاری میں بننے والی ’بھول بھلیاں 3‘ میں ہیرو کا کردار کارتک آریان جبکہ ترپتی ڈمری ہیروئن کے روپ میں نظر آئیں گی۔

ترپتی ڈمری کو پہلی بار رنبیر کپور کی فلم ’اینیمل‘ میں دیکھا گیا اور اب وہ کارتک آریان کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔

فلمساز ترپتی ڈمری کی پروجیکٹ میں شمولیت پر خوش ہیں جبکہ اداکارہ کے مداح بھی اب اس پیشکش کا بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔

کارتک آریان نے سماجی رابطوں کی سائٹ ایکس پر اپنی ہیروئن کو پروجیکٹ میں خوش آمدید کیا۔

2007 میں ریلیز ہونے والی ’بھول بھلیاں‘ میں اکشے کمار اور ودیا بالن نے اداکاری کے جوہر دکھائے تھے جبکہ اس کا سیکوئل 2022 میں ریلیز کی گیا جس میں کارتک آریاں اور کیارا اڈوانی نظر آئے۔

چند روز قبل ڈائریکٹر انیس بزمی نے اپنے بیان میں بتایا تھا کہ اکشے کمار بھول بھلیاں فرنچائز کی آئندہ آنے والی فلم کا حصہ نہیں ہیں، میں اُن کے ساتھ کام کرنے کا خواہاں ہوں لیکن بدقسمتی سے ایسی اسکرپٹ نہیں بن سکی کہ ہم دونوں ایک ساتھ کام کر سکیں۔

’بھول بھلیاں 3‘ میں ’منجولیکا‘ کے کردار کیلیے معروف اداکارہ ودیا بالن کو فلم کا حصہ بنایا گیا ہے۔