سانحہ ساہیوال: گورنرپنجاب کی مقتول خلیل کے گھر آمد، لواحقین سے تعزیت

سانحہ ساہیوال

لاہور: گورنرپنجاب چوہدری سرور نے مقتول خلیل کے گھر پہنچ کر لواحقین سے تعزیت کی اور انصاف کی بھی یقین دہانی کرائی۔

تفصیلات کے مطابق گورنر پنجاب چوہدری سرور نے سانحہ ساہیوال میں سی ٹی ڈی اہلکاروں ہاتھوں قتل ہونے والے خلیل کے گھر پہنچ کر لواحقین سے تعزیت کی اور انصاف کی فراہمی کی بھی یقین دہانی کرائی۔

اس موقع پر گورنرپنجاب کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کی ہدایت پر وہ مقتول کے گھر آئے ہیں، ساہیوال میں جو ظلم و بربریت ہوئی اس پر وزیراعظم کا پیغام لے کر آیا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ ریاست لواحقین کے ساتھ کھڑی ہے، جو آنسو بچوں کی آنکھوں میں دیکھے ان کا کفارہ انصاف دلا کر کریں گے۔

چوہدری سرور کا کہنا تھا کہ انصاف دلانے کے لیے تحریک انصاف کے ورکرز کی جانب سے دباؤ ہے، وورکرز نے دباؤ ڈالا ہے کہ بے گناہ فیملی کو انصاف نہ ملا تو ہم راہیں جدا کر لیں گے۔

سانحہ ساہیوال: جے آئی ٹی کی تفتیش شروع، سی ٹی ڈی اہل کاروں سے پوچھ گچھ

خیال رہے کہ بچی سمیت چار افراد کے قتل کی تفتیش کے لیے بننے والی جوائنٹ انویسٹی گیشن ٹیم نے کام شروع کر دیا، جے آئی ٹی نے سی ٹی ڈی اہل کاروں سے پوچھ گچھ کی۔

واضح رہے کہ وزیرِ اعظم عمران خان نے قطر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ساہیوال واقعے کے ذمے داروں کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جائی گی۔

وزیرِ اعظم عمران خان نے واضح کیا کہ جے آئی ٹی رپورٹ کی روشنی میں ٹھوس قدم اٹھایا جائے گا۔