ایک ساتھ 11 لاشوں کی آخری رسومات ادا، گاؤں کے کسی گھر میں نہیں جلا چولہا!

ایک ساتھ 11 لاشوں کی آخری رسومات ادا، گاؤں کے کسی گھر میں نہیں جلا چولہا!

بھارت کی ریاست آسام میں ٹرک اور مسافر بس میں خوفناک تصادم کے نتیجے میں کم از کم 12 افراد ہلاک اور 25 سے زائد زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ضلع گولاگھاٹ میں پیش آئے افسوس ناک حادثے کی اطلاع جب ہلاک مسافروں کے لواحقین کو ملی تو گاؤں میں کہرام مچ گیا۔

غم سے نڈھال گاؤں کے رہائشیوں نے کچھ نہیں کھایا اور نہ ہی کسی کے گھر کا چولہا جلا۔ لواحقین اپنے پیاروں کی آخری رسومات کی ادائیگی میں مصروف نظر آئے۔

گاؤں میں کسی نے تصور بھی نہیں کیا تھا کہ آج 11 افراد کی آخری رسومات ایک ساتھ ادا کرنی پڑیں گی۔

حادثے کی بات کریں تو یہ علی الصبح پانچ بجے پیش آیا تھا۔ مسافر بس اپنی منزل کی جانب رواں دواں تھی کہ اچانک مخالف سمت سے آنے والے ٹرک سے اس کا تصادم ہوا۔

گاؤں کے مکینوں کا کہنا ہے کہ حادثے کیلیے کس کو قصور وار ٹھہرائیں؟ سڑک خراب ہونے کی وجہ سے حادثہ پیش آیا، حکومت کو اس پر توجہ دینی چاہیے تاکہ مزید جانی نقصان سے بچا جا سکے۔