ٹرمپ نے مودی کو بڑی مشکل میں ڈال دیا

ٹرمپ کا 5 طیارے گرنے کا بیان، کانگریس کا مودی سے خاموشی توڑنے کا مطالبہ

نئی دہلی (20 جولائی 2025): امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاک بھارت جنگ میں 5 لڑاکا طیارے گرنے کے بیان پر کانگریس نے نریندر مودی کو نشانے پر لے لیا۔

انڈین میڈیا کے مطابق گزشتہ روز ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس میں ایک تقریب کے دوران بتایا کہ پاک بھارت جنگ کے دوران 5 لڑاکا طیارے تباہ ہوئے، تاہم امریکی صدر نے یہ واضح نہیں کیا کہ کس ملک کے طیارے گرے۔

بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس کے رہنما راہول گاندھی نے ڈونلڈ ٹرمپ کے بیان پر وزیر اعظم نریندر مودی کو نشانے پر لے لیا اور ان سے حقیقت بیان کرنے کا مطالبہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت کے لیے پھر شرمندگی، امریکی صدر کو بھی 5 بھارتی جنگی طیارے گرنے کا یقین

راہول گاندھی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر امریکی صدر کے مذکورہ بیان کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’مودی جی 5 طیاروں کی حقیقت کی ہے؟ ملک کو جاننے کا حق ہے‘۔

بعدازاں کانگریس کی رکن پارلیمنٹ مہوا موئترا نے بھی ایکس پر لکھا کہ رافیل طیارہ 250 ملین ڈالر ٹیکس ادا کرنے والوں کی رقم سے خریدا گیا تھا، ہم جانتے ہیں کہ پاک بھارت جنگ میں کم از کم 1 ضرور تباہ ہوا ہے۔

مہوا مئترا نے کہا کہ اب ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ جنگ میں کُل 5 لڑاکا طیارے گرائے گئے، کیا بھارتی عوام آپریشن سندر سے متعلق بریفنگ کے حق دار نہیں ہیں؟