امریکا نے صدارتی انتخاب سے قبل نومنتخب صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قتل کی سازش کے الزام میں ایک ایرانی شہری پر فرد جرم عائد کردی۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی محکمۂ انصاف نے کہا ہے کہ ٹرمپ کے قتل کی سازش میں ملوث تہران میں مقیم افغان شہری پر فرد جرم عائد کر دی گئی۔
رپورٹ کے مطابق فرہاد شاکری کو پاسداران انقلاب نے ٹرمپ کے قتل کی ذمے داری سونپی تھی، ایران کے لیے سہولت کاری کے الزام میں دو امریکی شہریوں پر بھی فرد جرم عائد کی گئی ہے۔
امریکی میڈیا کے مطابق نیویارک کے رہائشی دونوں امریکی شہری حراست میں ہیں ایران کی جانب سے فوری طور پر الزامات کا جواب نہیں دیا گیا۔
واضح رہے کہ انتخابی مہم کے دوران ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ ہوا تھا، 25 ستمبر کو ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا تھا کہ انہیں ایران سے جان کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ نے ٹروتھ سوشل پر کہا تھا کہ ’ایران کی طرف سے میری جان کو شدید خطرہ ہے، ایران کی جانب سے پہلے ہی ایسی کوششیں کی گئی ہیں جو کامیاب نہیں ہوئیں لیکن وہ دوبارہ کوشش کریں گے، جبکہ پوری امریکی فوج دیکھ رہی ہے اور انتظار کر رہی ہے۔‘