نیو جرسی (04 اگست 2025): امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی ایلچی اسٹیو وٹکوف کے اگلے ہفتے دورہ روس کی تصدیق کر دی ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹرمپ نے اتوار کو روس امریکی تعلقات میں بڑھتے تناؤ کے تناظر میں امریکی ایلچی کے دورہ روس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ وٹکوف بدھ یا جمعرات کو روس کا دورہ کر سکتے ہیں۔
امریکی صدر کی جانب سے ماسکو پر نئی پابندیاں عائد کرنے کے لیے تاریخ بھی مقرر کی جا چکی ہے، مشرق وسطیٰ کے لیے امریکی ایلچی وٹکوف کا یہ دورہ اس آخری تاریخ سے قبل ہوگا۔
یوکرین جنگ : بھارت روس کو مالی امداد فراہم کررہا ہے، امریکا
صحافیوں سے بات کرتے ہوئے ٹرمپ نے یہ بھی کہا کہ دو جوہری آبدوزیں جو انھوں نے سابق روسی صدر دمتری میدویدیف کے ساتھ آن لائن تنازع کے بعد تعینات کی تھیں، وہ اب امریکی خطے میں ہیں۔
خیال رہے کہ ٹرمپ نے یہ وضاحت بالکل نہیں کی ہے کہ آیا ان کی مراد جوہری طاقت سے چلنے والی آبدوزیں تھیں یا جوہری ہتھیاروں سے لیس آب دوزیں۔ انھوں نے تعیناتی کے صحیح مقامات کے بارے میں بھی وضاحت نہیں کی، جنھیں امریکی فوج نے خفیہ رکھا ہے۔
ٹرمپ کی کریملن کے ساتھ تعلقات کو بہتر بنانے کی کوششیں رکنے سے قبل روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے ماسکو میں وٹکوف سے متعدد بار ملاقات کی ہے۔
میڈیا سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے ایک بار پھر کہا کہ یوکرین سے جنگ میں روس کو بھاری نقصان ہو رہا ہے، روس نے جنگ نہ روکی تو پابندیاں عائد کریں گے۔ اس موقع پر انھوں نے پاک بھارت جنگ رکوانے کی بات بھی دہرائی۔