ٹرمپ انتخابات میں مداخلت کررہے ہیں: برطانوی اپوزیشن لیڈر کا الزام

لندن: برطانوی اپوزیشن لیڈر جیرمی کوربن نے الزام عائد کیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ انتخابات میں مداخلت کررہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق برطانیہ میں 12 دسمبر کو انتخابات ہوں گے جس کے پیش نظر اپوزیشن لیڈر جیرمی کوربن نے امریکی صدر ٹرمپ پر سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

جیرمی کا کہنا تھا کہ ٹرمپ بورس جانسن کو وزیراعظم دیکھنا چاہتے ہیں۔ جبکہ ردعمل میں ٹرمپ نےآج جیرمی کوربن کے خلاف برطانوی ریڈیو کو انٹرویو دیا۔

انٹرویو میں ٹرمپ نے جیرمی کوربن کو برطانیہ کے لیے نقصان دہ قرار دیا، انہوں نے تمام الزامات کو ردکرتے ہوئے کہا ہے کہ اپوزیشن لیڈر من گھڑت الزامات عائد کررہے ہیں۔

برطانیہ میں 12 دسمبر کو انتخابات ہوں گے

خیال رہے کہہ دو روز قبل برطانوی پارلیمنٹ نے قبل ازوقت انتخابات کا بل منظور کرلیا ہے، بل کے حق میں 438 جبکہ مخالفت میں 20 ووٹ پڑے تھے، برطانیہ میں 12 دسمبر کو انتخابات ہوں گے۔

اپوزیشن لیڈر جیرمی کوربن کا کہنا تھا کہ قبل از وقت انتخابات کے لیے تیار ہیں، برطانیہ میں اب تبدیلی کا وقت آگیا ہے۔

سابقہ برطانوی وزیراعظم تھریسامے کے بعد اب موجودہ وزیراعظم بورس جونسن بھی بریگزٹ سے متعلق شدید دباؤ کا شکار ہیں۔

دوسری جانب یورپی یونین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے یورپی یونین سے انخلا کے لیے 31 جنوری تک توسیع کرنے کی برطانوی درخواست کی منظوری دے دی ہے۔