ٹرمپ صدارتی امیدوار حریف کملا ہیرس سے کس نیوز چینل پر مباحثہ کرنا چاہتے ہیں؟

واشنگٹن: سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی خاتون صدارتی امیدوار حریف کملا ہیرس کے مابین اب اس بات پر تکرار چل رہی ہے کہ وہ کس نیوز چینل پر مباحثہ کریں۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈونلڈ ٹرمپ فاکس نیوز پر تو نائب صدر کملا ہیرس سے مباحثے کے لیے تیار ہیں تاہم وہ اے بی سی نیوز پر مباحثے سے انکار کر رہے ہیں۔

دراصل سابق صدر 10 ستمبر کو کملا ہیرس کے ساتھ صدارتی مباحثے سے انکاری ہیں، صدر جو بائیڈن اور ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان 10 ستمبر کو دوسرا مباحثہ طے ہوا تھا، اب ٹرمپ نے مؤقف پیش کیا ہے کہ جو بائیڈن کے دست برداری کے اعلان کے بعد دوسرا مباحثہ ختم ہو گیا۔

’مجھے احمق نہ بنائیں‘، صدر بائیڈن نے نیتن یاہو کو شٹ اپ کال دے دی

دوسری طرف ڈونلڈ ٹرمپ 4 ستمبر کو کملاہیرس کے ساتھ فاکس نیوز پر مباحثے کے لیے تیار ہیں، لیکن ادھر کملا ہیرس کا اصرار ہے کہ پہلے سے طے 10 ستمبر کو اے بی سی نیوز پر مباحثہ انجام تک پہنچایا جائے۔

خیال رہے کہ سابق امریکی صدر نے کملا ہیرس کے ساتھ مباحثے میں فل ارینا آڈیئنس کی شرط بھی رکھی ہے، ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ہیرس کے ساتھ مباحثے کے قواعد جو بائیڈن کے ساتھ مباحثے والے ہی رہیں گے، اور فاکس نیوز کا صدارتی مباحثہ پنسلوینیا میں ہوگا۔

واضح رہے کہ امریکی صدارتی امیدوار ڈونلڈ ٹرمپ نے کملا ہیرس کی بڑھتی مقبولیت سے خائف ہو کر گزشتہ دنوں ان کی نسلی شناخت پر بھی سوال اٹھا دیا تھا، جس پر انھیں شدید تنقید کا سامنا کرنا پرا۔